کورونا وائرس: عالمی ادارہ صحت کے خلاف ہرجانہ کا دعویٰ دائر

333

نیویارک: امریکی ریاست نیویارک کے شہریوں نے عالمی ادارہ صحت کے خلاف عدالت میں ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔

امریکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست نیویارک کے تین شہریوں نے عالمی ادارہ صحت کےخلاف عدالت میں ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔

 فیڈرل کورٹ میں دائر کیے گئے دعوے میں عالمی ادارۂ صحت پر کورونا سے بچاؤ کیلئے بروقت اقدامات، منظم عالمی کوششوں اور آگہی دینے میں ناکامی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کورونا کو عالمی وبا قرار دینے میں تاخیر، علاج کیلئے گائیڈ لائنز اورسفری پابندیوں کا مشورہ نہ دینا بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےعالمی ادارہ صحت کے فنڈز روک دیئے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ڈبلیو ایچ او کو سالانہ 4 سو سے 5 سو ملین ڈالر فراہم کرتا ہے جبکہ چین عالمی ادارہ صحت کو صرف 40 ملین ڈالر دیتا ہے ۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس پر تاخیر سے ایکشن لیا، عالمی ادارہ صحت چین کے زیادہ قریب ہے جس نے چین کیلئے بارڈر کھلے رکھنے کا غلط مشورہ دیا۔ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس سے متعلق درست معلومات فراہم نہیں کیں جس کے سبب امریکا کو جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔