الخدمت کی جانب سے پریس کلب لاہور میں اینٹی کورونا اسپرے

156

لاہور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے زیر اہتمام پریس کلب لاہور میں اینٹی کورونا اسپرے کیا گیا اور پریس کلب لاہور کے عہدیداران کا صحافیوں کے علاج معالجہ کے لیے ثریا عظیم اسپتال کے ساتھ ایم او یو سائن ہوا۔ ایم او یوسائن تقریب کے موقع پر صدر گورننگ باڈی ثریا عظیم اسپتال، سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد، سیکرٹری گورننگ باڈی ثریا عظیم اسپتال افتخار احمد چودھری، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، سیکرٹری اطلاعت جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف، مارکیٹنگ آفیسر ثریا عظیم اسپتال اویس سرور جبکہ پریس کلب لاہور کے عہدیداران میں پریس کلب کے سینئر نائب صدر رائے حسنین طاہر و دیگر معزز ممبران موجود تھے۔ ایم او یو سائن ہونے کے بعد پریس کلب اور جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے عہدیداران نے میڈیا کو بریفینگ دی جس میں سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام چلنے والے ثریا عظیم اسپتال میں پریس کلب لاہور کے ممبران اور صحافی بھائیوں کے علاج معالجے کا معاہدہ طے پایا ہے، جس میں پریس کلب لاہور کے عہدیداران متعلقہ افراد کی مالی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اسپتال کو ریفر کریں گے اور اسپتال ان کو معاہدے کے تحت 25، 50 فیصد تک ڈسکائونٹ کے ساتھ علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرے گا۔