حکومتی امداد اور راشن لوگوں کے گھروں تک پہنچایا جائے، ثروت اعجاز

120

لاہور (نمائندہ جسارت) سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکمران نیت اچھی کرلیں تو کرونا وائرس کا پھیلائو ختم لاک ڈائون کی نوبت جلدی ختم ہوجائیگی،غریب ومستحقین میں راشن وخوراک حکومتی پروگراموں کے تحت گھر گھر پہنچایا جائے، عوام کو راشن دینے پر دعوے اور سیاست بازی سے کام نہیں چلے گا، عوام سب سمجھتے ہیں ،کراچی سندھ کا ہی نہیں ملک کا سب سے بڑا آبادی والا شہر ہے، یہاں توجہ اور شہروں سے زیادہ دینا ہوگی۔ اہلسنت خدمت فائونڈیشن کے تحت لاک ڈائون کے باعث غریبوں میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ مخیر حضرات آگے بڑھ کر نیک کاموں میں حصہ لیں۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ غریب ومستحقین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ ہیں۔ کورونا وائرس وبا چند دنوں یا چند مہینوں کی ہے مگر اس مصیبت کی گھڑی میں عوام کو سہارا دینے کے بجائے صرف دعوئوں سے کام چلایا گیا تو اس کے منفی نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست انسانیت کی خدمت اور عبات ہے حکمران خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر عوام کو راشن کی فراہمی کے لیے تمام تر اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے زیادہ موجودہ حالات میں بھوک وافلاس سے عوام پریشان حال اور بچے دودھ کے لیے بلک رہے ہیں۔ کورونا وائرس کو ختم کرنے کے لیے حکومتی مثبت پالیسیوں کا ساتھ دیتے ہیں ،اہلسنت خدمت فائونڈیشن کے رضاکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں جو اپنی مدد آپ کے تحت غریبوں اور مستحقین کی خدمت کے لیے کوشاں ہیں، ان شاء اللہ عوام کی بلاتریق خدمت کرتے رہیں گے۔