چین اور پاکستان مل کر کورونا پر قابو پالیں گے، یاؤ جنگ

230

اسلام آباد( آن لائن ) چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ ہلال ِاحمر پاکستان نے کورونا وائرس کیخلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ چین کے تجربات سے مستفید ہو کر عوام الناس میں کورونا وائرس کیخلاف ہلال احمر کے رضاکاروں کی بدولت احتیاطی تدابیر کی آگاہی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ وہ چیئرمین ہلالِ احمر ابرار الحق اورسیکرٹری جنرل خالد بن مجیدکے ساتھ پریس کانفرنس کررہے تھے۔چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ آنے والے دِنوں میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو فروغ ملے گا،چین اور پاکستان دونوں مل کر اِس وبا کو جلد ہی کنٹرول کر لیں گے۔ ابرار الحق نے کہا کہ چین کے جانب سے کورونا وبا کے خلاف برسر پیکار ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس کے لیے N-95ماسک کی فراہمی قابل ِ رَشک اقدام ہے۔ چائنا ریڈکراس سوسائٹی نے ہلالِ احمر کو پرسنل پروٹیکیشن کِٹس بھی فراہم کی ہیں جو طبّی عملہ کو فراہم کی جارہی ہیں۔ خالد بن مجید نے کہا کہ ہماری قوم نے ہماری اپیل پر خون کے عطیات دینے شروع کردیے ہیں۔ ہلال احمر کے ریجنل بلڈ ڈونر سینیٹرزسے مستحق لوگوں، تھلیسیمیا کے مریضوں کو خون کی فراہمی جاری ہے۔ اگرچہ لاک ڈاؤن کے باعث تمام تعلیمی ادارے، کارپوریٹ سیکٹر بند ہے جس کی وجہ سے خون کی قلت پیدا ہوئی۔واضح رہے کہ ہلال ِاحمر کے کورونا کیئر اسپتال نے راولپنڈی میں کام شروع کردیا ہے۔ یہاں 120 بستروں اور وینٹی لیٹرز کے ساتھ ساتھ آئی سی یو کی سہولت میسر ہے۔