شکارپور،مزدوروں کا راشن نہ ملنے کیخلاف احتجاج اور دھرنا

370

شکارپور (نمائندہ جسارت) شکارپور میں لاک ڈاؤن کے باعث متاثر ہونے وا لے دہاڑی دار مزدوروں کا راشن نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ، دھرنا، ٹائر نذر آتش۔ گزشتہ روز شکارپور میں لاک ڈاؤن کے باعث متاثر ہونے والے وارڈ 22 اور 23 کے دہاڑی دار مزدوروں نے راشن نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا، یومیہ اجرت پرکام کرنے والے درجنوں مزدوروں نے لاک ڈاؤن کی پرواہ کیے بغیر نم کبڑ موڑ پر ٹائر جلا کر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔ اس موقع پر مظاہرین برکت سنجرانی، پرویز عرف جانی سنجرانی، کوڑل سنجرانی، شیرل سنجرانی اور دیگر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث 20 دنوں سے گھروں میں بند ہیں تاہم حکومت کی جانب سے کوئی بھی امداد فراہم نہیں کی گئی ہے، جس کی باعث ہمارے گھروں کے چولھے بھی ٹھنڈے پڑگئے ہیں، اگر ہمیں راشن نہ ملا تو ہم مجبور ہوکرگھروں سے باہر نکلیں گے، اپنی روٹی روزی کا خود بندوبست کریں گے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، کمشنر لاڑکانہ سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ نوٹس لے کر ہمیں راشن دیا جائے۔