جھڈو، ہائی وے پر زیر تعمیر پختہ نالے کا کام تعطل کا شکار

210

جھڈو (نمائندہ جسارت) میرپورخاص جھڈو مین ہائی وے روڈ پر زیر تعمیر پختہ نالے کا ترقیاتی کام لاک ڈائون کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے، نالے کی کھدائی کے دوران نکالی گئی مٹی کو تاحال اٹھایا نہیں گیا، جس سے قریبی علاقوں میں ہر وقت دھول مٹی ہوا میں اڑنے سے شہریوں کو الرجی، دمہ، آنکھوں میں جلن سمیت دیگر بیماریوں کا سامنا ہے، جبکہ نالے کی تعمیرات میں استعمال ہونے والا سامان بجری، کریش، لکڑی، سریا وغیرہ بھی مین ہائی وے سڑک کے کنارے پر پڑا ہوا ہے اور رکاوٹ کی وجہ سے ٹریفک اور شہریوں کو آمدو رفت میں سخت مشکلات پیش آتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ٹھیکیدار کی جانب سے پختہ نالے کی تعمیرات کا کام بروقت مکمل نہیں کیا گیا تو آئندہ بارشوں میں جھڈو کی درجنوں کالونیوں کے رہائشی ہزاروں افراد کو آمدورفت میں اور برساتی پانی کی عدم نکاسی جیسی اذیت سے گزرنا پڑے گا۔ شہری حلقوں نے ہائی وے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مین اسٹیشن روڈ پر پختہ نالے کی تعمیرات کا کام تیزی سے اور بروقت مکمل کروایا جائے تا کہ شہریوں کو پریشانیوں سے بچایا جاسکے۔