کورونا وائرس؛ امریکا میں اجتماعی قبریں جزیرے بنائی جانے لگیں

713

امریکی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے ہزاروں افراد کی اجتماعی قبریں مضافاتی جزیرے ہارٹ آئس لینڈ میں بنائی جانےلگیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق آئس لینڈ کے قریب جزیرےپرروزانہ کم سے کم 2 درجن افراد کو اجتماعی قبروں میں دفنایا جاتا ہے اور یہ کام مسلسل ہفتےمیں  پانچ دن جاری رہتا ہے،دیہاڑی پر لائے گئے متعدد مزدور حفاظتی لباس پہن کر قبروں کی کھدائی اور تابوت اجتماعی قبروں میں دفن کرتے ہیں۔نیویارک میں کورونا وائرس کے سبب 7 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور شہر کے مردہ خانوں میں لاشوں کو رکھنے کی  گنجائش کم ہوچکی ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق نیویارک شہر سے باہر چھوٹے چھوٹے جزائر پر ان غریب لوگوں کو دفن کیا جاتا تھا جن کے لواحقین اپنے پیاروں کی شہری قبرستانوں میں تدفین کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔کوورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین اگر 2 ہفتوں میں لاش وصول نہیں کرتے تو مردے کو اس جزیرے پر دفنا دیا جاتا ہے۔

آئس لینڈ جزیرے پر قبروں کی کھدائی کیلئے عام طور پر جیل سے قیدیوں کو لایا جاتا ہےتاہم کورونا وائرس کے سبب یہ عمل روک دیا گیا ہے۔شہر میں لاک ڈاؤن کے سبب لواحقین کو تجہیزوتکفین میں شامل ہونے کی اجازت نہیں اور یہ کام کنٹریکٹ پر رکھے گئے ملازمین کررہے ہیں جبکہ لاشوں کی مذہبی طریقے سے رسومات کی ادائیگی بھی مشکل ہوگئی ہے ۔

کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کو پلاسٹک بیگز میں لپیٹ کر تابوت میں رکھا جاتا ہے اورتابوت پر مردے کا نام کندہ کیا جاتا ہے تاکہ مستقبل میں اگر کوئی اس کو نکلوانا چاہے تو تلاش کرنے میں آسانی ہو۔

دوسری جانب میئرنیویارک نے کہا ہے کہ فی الحال عارضی تدفین کی جارہی ہے اور وبا ختم ہونے کے بعد لواحقین سے رابطہ کیا جائے گا۔ ایک خندق میں 10 تابوت ترتیب سے رکھے جاتے ہیں تاکہ مستقبل میں نکالتے وقت آسانی ہو۔نیویارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس کورونا سے ہلاک افراد کو اس طرح دفنانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

امریکہ میں نئی پالیسی کے مطابق طبی ماہرین وائرس سے ہلاک ہونے والوں کو 14 دن تک طبی معائنے کیلئے رکھ سکتے ہیں تاہم اس کے بعد لازمی دفنانا ہوگا۔

اس سے قبل1919 میں فلو اور 1980 میں ایڈز سے ہلاک ہونے والوں کو بھی اسی جزیرے پر دفنایا گیا تھا،ہارٹ آئس لینڈ میں اس سے قبل بھی 10 لاکھ  کے لگ بھگ مردوں کو اجتماعی قبروں میں دفنایا گیا ہے۔