حکومتیں ناکام، غریب و نادار امداد کے منتظر ہیں، حافظ نعیم الرحمن

355
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ادارہ نور حق میں کورونا وائرس کے حوالے سے ذمے داران اور امراء اضلاع کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے ذمے داران اور امرائے اضلاع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں کراچی سمیت ملک میں کورونا وائرس اور حکومتی لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیااور کورونا وائرس سے بچاؤ اور متاثرہ افراد کے لیے کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔اجلاس میں امرائے اضلاع نے اپنے پنے ضلع میں الخدمت کے تحت کی جانے والی سرگرمیوں کی رپورٹس پیش کرتے ہوئے بتایاکہ ہر ضلعے میں کارکنان بڑی تعداد میں خدمت کے کام کوبخوبی انجام دے رہے ہیں،بڑی تعداد میں راشن کی تقسیم ،پکے پکائے کھانے اور کئی اضلاع میں سبزی کے پیکٹس بھی تقسیم کے جارہے ہیں،راشن پیکج اور پکے پکائے کھانے کے حوالے سے مخیر حضرات سے رابطہ کر کے فنڈز اکھٹے کیے گئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی فہرست بناکر عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان گھروں میں راشن پہنچانے کا انتظام کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے اپنی تمام سرگرمیاں معطل کر کے فلاح وبہبود کے کام کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے آگے بڑھ کر کام کیا ،تمام اضلاع ، ہر سطح کے ذمے داران اور برادر تنظیموں کے کارکنان نے بڑے جذبے کے ساتھ کام کیا۔لوگوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت کی خدمات کو ہر سطح پر تسلیم کیا ہے ،مرکزی وصوبائی حکومتیں اب تک غریب و نادار لوگوں کو راشن اور امداد پہنچانے میں ناکام نظر آتے ہیں، صنعتی بند ہونے سے فیکٹریوں سے خواتین کارکنان و دیگرمزدورں کو نکالاجارہا ہے ،بہت سے ایسے ادارے ہیں جس میں اب تک تنخواہیں بھی نہیں ادا کی گئیں، مزدوروں کو فی الفور تنخواہیں دی جائیں ،مزدوروں کو فیکٹریوں سے نکال کر بے روزگار نہ کیا جائے ،اس موقع پر سرمایہ دار بھی محنت کشوں کے ساتھ ہمدردی کا رویہ اختیار کریں،غریب اور دیہاڑی دار مزدور تک حکومتی امداد نہیں پہنچ پارہی ، حافظ نعیم الرحمن نے ڈاکٹر عبد القادر سومرو کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے انسانیت کی فلاح کے لیے جان جان آفرین کے سپرد کی لیکن خوف کے باعث مریضوں کی دیکھ بھال کو نہ چھوڑا، مرحوم ایک ملنسار اور محبت کرنے والے فرد تھے۔کورونا وائرس امدادی سیل کے نگران ونائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ الخدمت ایک بڑی فلاحی تنظیم کے طور پر سامنے آئی ہے جس نے اپنے آپ کو منوایا ہے ،جب سے یہ کمیٹی قائم ہوئی ہے اس وقت سے ہی ’’کورونا آگہی ‘‘ مہم کا آغاز کردیا گیا تھا اس سلسلے میں شہر بھر میں بڑی تعداد میں بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں،جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت کے رضاکار اللہ کی رضا کے لیے کام کررہے ہیں ۔چیف ایگزیکٹیو الخدمت کراچی راشد قریشی نے الخدمت کے تحت کی جانے والی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز الخدمت قاضی صدر الدین نے الخدمت کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت نے اب تک جناح ،عباسی شہید، قطر اسپتال اور الخدمت کے تمام اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے حفاظتی لباس ،دستانے،ماسک اور دیگر ضروری اشیا تقسیم کی گئیں۔