پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا حکومتی فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

1004

نجی اسکولوں کی تنظیموں نے اسکول فیسوں میں کمی کے حکومتِ سندھ کے احکامات عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

آل سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید حیدرعلی اور آل پاکستان پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا نے فیسوں میں کمی کے سرکاری حکم کے حوالے سے میڈیامیں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکول فیسوں کا معاملہ بہت حساس ہے،سندھ میں نجی اسکولز 33 لاکھ سے زائد بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز پہلے ہی 10 فیصد مفت تعلیم دے رہے ہیں، اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی نہیں کر سکتے، نجی اسکولوں میں 20 فیصد کمی کاحکم عدالت میں چیلنج کریں گے۔

کاشف مرزاکاکہنا تھا کہ اسکولز فیسوں میں 20 فیصد کمی کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی کی ہدایات پر محکمۂ تعلیم کے ڈائیریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے تمام نجی اسکولوں کو اپریل اور مئی کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت کرنے کی ہدایات جاری کی تھی۔

وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی کے مطابق یہ رعایت کورونا وائرس کے باعث صوبے میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہے اگر کسی کو اس حوالے سے کسی بھی قسم کے تحفظات ہیں تو میں ان سے ملاقات کے لیے تیار ہوں،اور اگر کوئی عدالت جانا چاہیے تو یہ ان کا حق ہے۔