ڈاکٹر عبد القادر سومرو ”کورونا جنگ“کے شہید ہیں،حافظ نعیم الرحمن

764

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبد القادر سومرو ”کورونا جنگ“کے شہید ہیں، بطور مسیحا ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور امرا اضلاع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں کراچی سمیت ملک میں کورونا وائرس اور حکومتی لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیااور کورونا وائرس سے بچاؤ اور متاثرہ افراد کے لیے کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئیں۔

اجلاس میں امرا اضلاع نے اپنے اپنے ضلع میں الخدمت کے تحت کی جانے والی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایاکہ ہر ضلع میں کارکنان بڑی تعداد میں خدمت کے کام کوبخوبی انجام دے رہے ہیں۔

بڑی تعداد میں راشن کی تقسیم،پکے پکائے کھانے اور کئی اضلاع میں سبزی کے پیکٹس بھی تقسیم کے جارہے ہیں،راشن پیکیج اور پکے پکائے کھانے کے حوالے سے مخیر حضرات سے رابطہ کر کے فنڈز اکھٹے کیے گئے ،جس کے بعد متاثرہ افراد کی فہرست بناکر عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان گھروں میں راشن پہنچانے کا انتظام کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےحافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اپنی تمام سرگرمیاں معطل کر کے فلاح وبہبود کے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان خراج تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے آگے بڑھ کر کام کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع، ہر سطح کے ذمہ داران اور برادر تنظیموں کے کارکنان نے بڑے جذبے کے ساتھ کام کیا،لوگوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت کی خدمات کو ہر سطح پر تسلیم کیا ہے۔

حافظ نعیم کا مزید کہناتھاکہ مرکزی وصوبائی حکومت اب تک غریب و نادار لوگوں کو راشن اور امداد پہنچانے میں ناکام نظر آتے ہیں،صنعتی بند ہونے سے فیکٹریوں سے خواتین کارکنان و دیگرمزدورں کو نکالاجارہا ہے،بہت سے ایسے ادارے ہیں جس میں اب تک تنخواہیں بھی نہیں ادا کی گئیں، مزدوروں کو فی الفور تنخواہیں دی جائیں،مزدوروں کو فیکٹریوں سے نکال کر بے روزگار نہ کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ اس موقع پر سرمایہ دار بھی محنت کشوں کے ساتھ ہمدردی کا رویہ ختیار کریں،غریب اور دہاڑی دار مزدور تک حکومتی امداد نہیں پہنچ پارہی ہیں۔