چیف سیکرٹری سندھ کے تحت قائم کردہ کورونا فنڈ سے 2 کروڑ 85 لاکھ روپے خرچ

389

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی حکومت نے چیف سیکرٹری کے تحت قائم کردہ کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ سے 2 کروڑ 85 لاکھ روپے استعمال کیے ہیں۔یہ بات فنڈ کی کمیٹی کے اجلاس جوکہ چیف سیکرٹری ممتاز شاہ کی زیر صدارت نیو سندھ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا میں بتائی گئی ہے۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سیکرٹری خزانہ حسن نقوی،انڈس اسپتال کے ڈاکٹر عبدالباری،ایدھی فاؤنڈیشن کے فیصل ایدھی اورممتاز سماجی شخصیت مشتاق چھاپڑا نے شرکت کی۔اجلاس میں فیلڈ اسپتال ایکسپو سینٹر کراچی کے قیام کے لیے استعمال ہونے والے 2 کروڑ 85 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے کورونا وائرس کے مریضوں کی جانچ اور علاج کے لیے کٹس اور ضروری سازوسامان کی خریداری کے لیے 5 لاکھ 50 ہزار روپے کی مزید رقم کی بھی منظوری دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے تک 3.551 بلین روپے فنڈ میں جمع ہوچکے ہیں،جس میں سرکاری اداروں کے ذریعے بطور عطیہ کردہ 2.87 بلین روپے اور نجی اداروں اور لوگوں کے ذریعے 68.44 ملین روپے شامل ہیں، عطیات روزانہ فنڈ میں جمع کرائے جارہے ہیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ فنڈ کا ایک ایک پیسہ کمیٹی کی سفارش پر خرچ کیا جائے گا اور فنڈز کے استعمال کو نامور معتبر آڈیٹر کے ذریعے آڈٹ کریں گے۔