ایوی ایشن ڈویژن بوکھلاہٹ کا شکار‘ آپریشن بحالی کے امکانات معدوم

211

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایوی ایشن ڈویژن کورونا کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے اور مسلسل عالمی پروازوں کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کی جارہی ہیں جس سے ملک میں فضائی آپریشن کی بحالی کے امکانات معدوم ہوتے جارہے ہیں ۔ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان اور سینئر جوائنٹ سیکرٹری عبدالستار کھوکھر نے اتوار کی شب نیا ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ
بین الاقوامی پروازوں سے آنے والے مسافروں اور جہاز کے کریو کی ائرپورٹ پر اسکریننگ نہیں کی جائے گی بلکہ سارے ہی مسافروں اور جہاز کے کریو کو 24 گھنٹے کے لیے لازمی قرنطینہ کیا جائے گا ۔ 24 گھنٹے قرنطینہ کے بعد ان سب کا ٹیسٹ لیا جائے گا اور جس کا ٹیسٹ منفی آئے گا، صرف اسے ہی گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ اس سے قبل یہ کہا گیا تھا کہ ائرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو چھ گھنٹے کے لیے اسلام آباد میں قائم ہوٹلوں کے آئسولیشن کمروں میں رکھا جائے گا ۔ چھ گھنٹے کے بعد اسکریننگ کے بعد مشتبہ افراد کے علاوہ سب کو جانے کی اجازت دے دی جائے گی جبکہ مشتبہ مسافر کا ٹیسٹ کیا جائے گا ۔ ایوی ایشن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس طرح جہاز کے کریو کو روکا گیا تو جہاز کو اڑانے اور اس پر سروس کے لیے پی آئی اے کے پاس نہ صرف کریو دستیاب نہیں ہوگا بلکہ پی آئی اے پر شدید مالی بوجھ بھی پڑے گا ۔