کورونا وبا کیخلاف جنگ میں الخدمت قوم کے شانہ بشانہ ہے، ذکر اللہ مجاہد

253

لاہور (نمائندہ جسارت) سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کورونا آگاہی مہم کے سلسلے میں نولکھا چرچ کا دورہ کیا۔ نولکھا چرچ لاہور کے پاسٹر ڈاکٹر مجید ابیل نے الخدمت فاؤنڈیشن کی وفد اور ٹیم کا استقبال کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن اینٹی کورونا سپرے ٹیم نے نولکھا چرچ میں اینٹی کورونا اسپرے کیا۔ اس موقع پر سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے نولکھا چرچ لاہور کے پاسٹر ڈاکٹر مجید ابیل سمیت دیگر چرچ انتظامیہ کے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت ہی اصل عبادت ہے۔ ملک و قوم پر اس مشکل گھڑی میں کورونا وبا کیخلاف اس جنگ میں الخدمت فاؤنڈیشن فرقہ واریت، رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور نے مساجد، سرکاری و نجی دفاتر کے بعد شہر لاہور کے چرچز، گوردوارے اور مندروں میں اینٹی کورونا سپرے کا آغاز نولکھا چرچ سے کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کے وقت میں جماعت اسلامی کے ورکرز اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا اہل لاہور کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک بھی ایسے لوگوں کا مقام بلند ہے اور وہی لوگ اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ عزیز ہیں جو اللہ تعالیٰ کے بندوں سے پیار اور مشکل وقت میں ان کے کام آتے ہیں۔ اس موقع پر نولکھا چرچ لاہور کے پاسٹر ڈاکٹر مجید ابیل سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔