عباسی شہید اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر میں کورونا کی تصدیق

257

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عباسی شہید اسپتال میں کام کرنے والی ایک لیڈی ڈاکٹر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے ایم سی ڈاکٹرسلمیٰ کوثر نے کورونا کی تصدیق کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ خاتون ڈاکٹر کے ساتھ کام کرنے والے تمام اسٹاف بھی اپنے کورونا ٹیسٹ کرائیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ لیڈی ڈاکٹر کے شوہر جو کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی اسکریننگ کیلیے کراچی ائر پورٹ پر تعینات تھے، ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، امکان ہے کہ لیڈی ڈاکٹر کو گھر میں ہی ان کے شوہر سے وائرس لاحق ہوا ہے۔ لیڈی ڈاکٹر کو علاج کیلیے کراچی کے نجی شعبے کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے اور وارڈ کے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکس عملے کو 14 دن تک اپنے گھروں میں اسکریننگ اور خود کو کورنٹائن کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لیڈی ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد اسپتال میں ان کے ساتھ کام کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ فنڈز کی قلت کی وجہ سے عباسی شہید اسپتال میں طبی عملے کی اکثریت ذاتی حفاظتی ساز و سامان (پی پی ای) کے بغیر کام کر رہی ہے۔