حکمران کورونا کودنیا سے بھیک مانگنے کا ذریعہ نہ بنائیں،محمد حسین محنتی

231

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمران کورونا وائرس کی وبا کو دنیا سے بھیک مانگنے کا ذریعہ نہ بنائیں، اللہ کے گھر مساجد پر تالے،نماز جمعہ پر پابندی اور اللہ کے نظام کو چیلنج کرنے والے دنیا و آخرت میں اپنے عبرتناک انجام سے ڈریں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو محمد خان میں الخد مت کے تحت لاک ڈائون سے متاثرہ افراد میں راشن بیگ تقسیم اور الخدمت ذمے داران و رضاکاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ضلعی و مقامی ذمے داران غلام علی چانگ حافظ لعل محمد، عبدالکریم ناگوری، اکرم بیگ اور سیکرٹری اطلاعات سندھ مجاہد چنا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے کہاکہ کورونا وائرس سے خوف وہراس پیدا کرنے کے بجائے ایک اللہ سے ڈرنے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے امید و حوصلہ اور رجوع الی اللہ کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی ہدایت پرالخدمت و جماعت کے ذمے دار محلہ و گلی کی سطح پر معاشرے کے دیگر افراد کو ساتھ ملاکر کمیٹیاں بنائی جائیں تاکہ ہر مشکل میں مستحق لوگوں کی بروقت داد رسی کی جاسکے۔