نمازیوں پر لاٹھی چارج کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، جماعت اسلامی

339

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمران نمازجمعہ پر پابندی، مساجد کی تالابندی ائمہ مساجد کی گرفتاری اور نمازیوں کو مساجد کی جانب آنے سے زبردستی روکنے، لاٹھی چارج سے مغرب کو خوش اور دین سے بیزاری کا اظہار کرنے کے بجائے رجوع الی اللہ اور توبہ واستغفار کے ذریعے کورونا سمیت قدرتی آفات سے پناہ کے لیے اللہ کی پناہ مانگیں، 12سے3بجے تک لاک ڈائون میں سختی اور کرفیو کا ماحول کراچی سمیت سندھ بھر میں مساجد کے باہر پولیس اور رینجرز تعینات کرنا جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت کی نشانی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ کراچی میں نماز جمعہ کے موقع پر مساجد کا گھیرائو، ائمہ کرام کی گرفتاریاں، مقدمات قائم کرنا اور لوگوں کو نماز جمعہ سے روکنا مودی کی پالیسی کا تسلسل ہے جس نے گزشتہ 8ماہ سے کشمیری عوام کو پابند سلاسل اور مساجد کی تالابندی اور جمعہ کے اجتماعات پر پابندی لگارکھی ہے، ہمارے حکمران بھی کوروناوائرس کا بہانہ بناکر اسلامی شعائر پر پابندیاں عاید کرکے اللہ کے عذاب کو دعوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نماز جمعہ کے موقع پر بدنظمی، ہلڑ بازی اور نہتے نمازیوں پر لاٹھی چارج کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی، نمازیوں،ائمہ کرام پر قائم مقدمات ختم کرکے مساجد میں آنے پر پابندیاں ختم کی جائیں۔