حسین داؤد کا کورونا ریلیف فنڈ میں ایک ارب دینے کا اعلان

245

لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) معروف بزنس مین اور صنعتکار حسین داؤد نے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں ایک ارب دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت قوم مشکل میں ہے، عطیات دینا اخلاقیات کا تقاضا ہے، یہ رقم داؤد فاؤنڈیشن اور اپنے خاندان کی طرف سے دے رہا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق داؤد فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک ٹویٹ جاری کیا گیا ہے جس میں اینگرو کارپوریشن کے سربراہ حسین داؤد نے وزیراعظم کے قائم کردہ کورونا ریلیف فنڈ میں ایک ارب روپے جمع کروانے کا اعلان کیا ہے۔حسین داؤد نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے حکومت اور اداروں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ قوم مشکل میں ہے، عطیات دینا اخلاقیات کا تقاضا ہے۔ ہماری فاؤنڈیشن اور خاندان ہمیشہ ملکی مسائل کے حل کیلیے کوشش کرتے رہے ہیں۔واضح رہے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں مخیر حضرات کی جانب سے فنڈز جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔اسی طرح ہائیر گروپ کی جانب سے دو لاکھ سرجیکل ماسکس حکومت پاکستان کے حوالے کردیے گئے۔ جمعرات کو زلمی فائونڈیشن کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے کورونا ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ کا چیک جمع کرادیا گیا۔