بلدیہ عظمیٰ 90 فیصد علاقوں میں جراثیم کش اسپرے کرنے میں ناکام

311

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی فیومیگیشن مہم مخصوص علاقوں اور فوٹو سیشن تک محدود ہوگئی ہے۔شہر کے 90فیصد علاقوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے تاحال نہیں کیا گیا ہے۔ کے ایم سی کی اقرباء پروری کے باعث شہر میں کورونا کے ساتھ وبائی امراض پھیلانے والے مچھروں سمیت خطرناک جراثیموں کے حملے کا خطرہ ہے۔ میئر کراچی فومیگیشن مشین کے ساتھ فوٹوسیشن میں مصروف ہیں۔گلستان جوہر، ملیر، کھوکھر اپار،لانڈھی،کورنگی،سرجانی،نیوکراچی،نارتھ کراچی، اولڈ سٹی ایریا،گلبہار،رضویہ،اورنگی ٹائون،قصبہ،فیڈرل بی ایریا،پاپوش، گودھرا، علیگڑہ،لسبیلہ،گارڈن، کیماڑی‘ سلطان آباد سمیت نواحی علاقوں میں تاحال جراثیم کش ادویات کا اسپرے نہیں کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے حکام کی اقرباء پروری نے شہر کے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں کوخطرے میں ڈال دیا ہے کے ایم سی کی جانب سے شہر میں میڈیکل ایمرجنسی لگا کر شہر بھر میں جراثیم کش اسپرے مہم شروع کی گئی جس پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے تاہم کے ایم سی کی اسپرے مہم چند مخصوص علاقوں اور پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم، پی ٹی آئی کے لیڈروں کے گھروں کے اطراف ہی کی جارہی ہے ۔شہر کے 90فیصد علاقوں کو کے ایم سی نے یکسر نظر انداز کردیا ہے کے ایم سی حکام کی اقراباء پروری کے باعث شہر میں وبائی ا مراض پھیلانے والے خطرناک چراثیموں کی افزائش میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ کورونا وائرس پہلے ہی تباہی مچا رہا ہے ۔دوسری جانب کے ایم سی اور ضلعی بلدیات کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر اسپرے کرنے کی تصاویر اور بیانات جاری کیے جا رہے ہیں۔