سندھ حکومت عوام کی عزت نفس کے پیش نظر امدادگھروں تک پہنچائے‘ حافظ نعیم

354
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن گلبرگ میں قائم ہیلپ سینٹر کا دورہ اور الخدمت کارکنان سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ2ہفتے گزرنے کے باوجود اب بھی بہت سے گھرانے حکومتی امداد کے منتظر ہیں ، سندھ حکومت متاثرین کو ان کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے امدادی سامان ان کے گھروں تک پہنچانے کا انتظام کرے۔جماعت اسلامی اورالخدمت اپنے دائرہ کار اور وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ہر ممکن امدادی سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں لیکن اس وقت متاثرہ گھرانوں ،ضرورت مندوں اور مستحقین کی تعداد بہت زیادہ ہے ،اس لیے حکومت اور ریاست کی ذمے داری ہے کہ لاک ڈاؤن سے معاشی طور پر متاثرہ افراد، ضرورت مندوں، مستحقین اور مزدور طبقے کے لیے امدادی سامان اور غذائی اجناس کی فراہمی شفاف طریقے سے ممکن بنائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع گلبرگ کے دورے کے موقع پررضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرامیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ ، سیکرٹری حسین مدنی ،کامران سراج ودیگر ذمے داران و کارکنان بھی موجود تھے۔فاروق نعمت اللہ نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ ضلع گلبرگ کے تحت کورونا وائرس کے باعث شہر میں پیدا ہونے والی صورتحال میں ضلعے میں ریلیف کی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت کے رضا کار روزانہ مختلف مقامات پر جراثیم کش اسپرے کر رہے ہیںجس میں 133مساجد میں اسپرے کیا جاچکا ہے، 6 ہزار سے زاید معاشی طور پر متاثرہ افراد، ضرورت مندوں، مستحقین اور مزدور طبقے کے لیے امدادی سامان اور غذائی اجناس فراہم کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جبکہ مساجد کے باہر اور رہائشی علاقوں سے فنڈ بھی اکٹھا کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان خراج تحسین کے مستحق ہیں جو اپنی معمول کی سرگرمیاں ترک کرکے انسانی زندگی کے لیے خطرے کے ماحول میں اللہ کی رضا کے لیے امدادی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں ۔