لوگ فاقہ کشی کے سبب خودکشیاں کررہے ہیں ‘نگہت فاطمہ

228

کراچی(صباح نیوز)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کی جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر نگہت فاطمہ نے کہا کہ بھوک وافلاس کے شکا رلوگ حکومتی بے حسی کے سبب اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر اپنے پیاروں کی بھوک مٹانے کیلیے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہیں جبکہ فاسق حکمران اپنی زندگیاں بچانے کیلیے کرونا کے خوف سے قرنطینہ میں چلے گئے لوگ فاقہ کشی کے سبب خودکشیاں کررہے ہیں اور حکمران ڈرائنگ روم کی سیاست کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ڈاکٹر نگہت فاطمہ نے نیوکراچی میںواقع سماجی تنظیم کے دفتر پر ویلفیئر صدر کی دعوت پرنیوکراچی کا دورہ کیا جبکہ عوام میں راشن بیگ،ماسک اور سینی ٹائزرتقسیم کیے ،اس موقع پر انہوں نے خواتین وبزرگوں سے لاک ڈاؤن کے سبب پیش آنے والی مشکلات کے بارے میںمعلومات حاصل کی عوام نے حکومت اور انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ،انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے شناختی کارڈ اور فارموںپر انگوٹھے و دستخط لیے جانے کا سلسلہ تو جاری ہے لیکن امداد اور راشن کا کچھ پتا نہیں،دفاتر اور متعلقہ افسران سے رابطوں کے باوجود سوائے مایوسی کے کچھ حاصل نہیں ۔ڈاکٹرنگہت فاطمہ نے کہا کہ حکومتی ہٹ دھرمی اور غلط فیصلوں نے خوددار اور غیرت مند قوم کودینے والوں کی صف سے نکال کر مانگنے والوں میں لاکھڑا کیا ہے،لیکن زندہ اور پر عزم قومیں حالات کے آگے ہتھیار ڈالنے کے بجائے انکا ڈٹ کر مقابلہ کرتی ہیں۔