لاک ڈاؤن سے غریب فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے، مصطفی کمال

260

کراچی(اسٹاف ر پورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کے غریب اور سفید پوش خاندان جو پہلے ہی معاشی طور پر حالات کی چکی میں پس رہے تھے وہ اب ناگزیر لاک ڈاؤن کے باعث فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیں۔ پاک سر زمین پارٹی کی فلاحی تنظیم پی ایس پی فاؤنڈیشن پچھلے 13دن سے اپنی مدد آپ کے تحت ملک کی غریب بستیوں اور سفید پوش خاندانوں میں راشن اور اشیائے ضرورت فراہم کررہی ہے، چونکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پیدا شدہ انسانی المیے کا دائرہ اتنا وسیع و سنگین ہے کہ کوئی ایک حکومت، ادارہ یا سیاسی جماعت تنہا اشیا خور و نوش اور سہولیات عوام تک نہیں پہنچا سکتی اس لیے میں دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں سے بالعموم اور پاکستان میں بالخصوص مخیر حضرات اور عوام جو ہمارے کردار، قابلیت اور صلاحیت سے واقف ہیں، ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پی ایس پی فاؤنڈیشن کی بھرپور مالی معاونت کریں تاکہ پی ایس پی کے کارکنان نا صرف آپ کی دی ہوئی امداد مزید بڑے پیمانے پر مصیبت زدہ خاندانوں تک پہنچا سکیں بلکہ دن بدن بڑھتے انسانی المیے کو روکنے میں سرگرم عمل پاک سر زمین پارٹی کا ساتھ دے سکیں۔