لاک ڈائون وقت کی ضرورت اور عوام کے مفاد میں ہے، ڈاکٹر عبدالوکیل

158

فیصل آباد (پ ر) پاکستان ایگریکلچرل سائنٹسٹ فورم کے صدر ڈاکٹر عبدالوکیل، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سردار عالم چیمہ اور صوبائی صدر ڈاکٹر ندیم سلیمان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں، افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، عوام احتیاط کریں اور حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کریں، مشکل وقت میں سب کو ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا، چند لوگوں کے غیر ذمے دارانہ عمل سے پوری قوم کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔ پاس فورم کے صدر نے کہا کہ ملک کے وسائل اتنے زیادہ نہیں ہیں کہ زیادہ بیمار لوگوں کا بوجھ برداشت کرسکیں۔ اس لیے احتیاط ہی بہترین علاج اور راہِ نجات ہے۔ لاک ڈائون وقت کی ضرورت اور عوام کے اپنے مفاد میں ہے۔ جو لوگ اس کی خلاف ورزی کررہے ہیں وہ خود کو اور اپنے اہلِخانہ کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ڈاکٹر سردار عالم چیمہ نے کہا کہ بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ جیسے آپ کے والدین نے بچپن میں اپنا سکھ چین قربان کر کے آپ کو ہر خطرے اور بیماری سے بچایا، ویسے ہی آج آپ کی ذمے داری ہے کہ اپنے گھروں میں بیٹھیں اور اپنے والدین، بزرگوں اور چھوٹوں کو محفوظ رکھیں۔