بلدیہ میٹ کی کارروائی ،7 من چوسنا گوشت تلف ،قصابو ں کی مزاحمت

208

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ میٹ سیکشن سٹی اور لطیف آباد نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 7 من سے زائد چوسنا گوشت برآمد کرکے تلف کردیا، کورونا وائرس کے خدشات کے بعد پریٹ آباد، نورانی بستی کالی موری سمیت دیگر علاقوں میں قائم غیرقانونی مذبحہ سے سٹی اور لطیف آباد میں پریشر والا، لاغر، بیمار او رچوسنا (دودھ پیتے جانور) جانوروں کا گوشت سپلائی کیا جارہا ہے۔ کارروائیوں کے دوران عملے کو پولیس عدم فراہمی کے بعد سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ بلدیہ میٹ سیکشن سٹی نے انچارج ندیم غوری کی سرکردگی میں فقیر کا پڑ چوک پر کارروائی کرتے ہوئے چنگ چی رکشے میں بوریوں میں بند چارمن سے زائد مضر صحت چوسنا گوشت برآمد کرلیا، گوشت نورانی بستی سے سٹی کے علاقوں میں قائم دکانوں پر سپلائی کے لیے لایا جارہا تھا۔ کارروائی کے دوران عملے کو پولیس کی عدم فراہمی کے باعث شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور مضر صحت گوشت سپلائی میں ملوث قصابوں نے عملے سے تحویل میں لیا گیا گوشت چھینے کی کوشش کی، تاہم عملے نے کارروائی مکمل کرتے ہوئے تحویل میں لیے گئے گوشت کو بلدیہ کے مرکزی دفتر منتقل کردیا، جہاں ماہرین کے معائنے کے بعد گوشت کو چونا ڈال کر تلف کردیا۔ اس موقع پر قصاب بلدیہ دفتر بھی پہنچ گئے اور عملے پر سیاسی دبائو ڈال کر گوشت واپس کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔ اسی طرح میٹ سیکشن لطیف آباد نے انچارج وسیم زئی کی سرکردگی میں لطیف آباد یونٹ نمبر 12 روڈ پر تین موٹر سائیکلوں پر 3 من سے زائد مضر صحت چوسنا گوشت کی دکانوں پر سپلائی کی کوشش ناکام بنادی، کارروائی کے دوران قصابوں نے عملے کی ایک رکن صوبائی اسمبلی سے فون پر بات کرانے کی کوشش کی، عملے کے انکار پر قصابوں نے عملے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ بعد ازاں تحویل میں لیے گئے گوشت کو چونا ڈال کر تلف کردیا گیا۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے بعدسندھ حکومت کے لاک ڈائون کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نورانی بستی، پریٹ آباد سمیت دیگر علاقوں میں قائم غیرقانونی مذبحہ سے سٹی اور لطیف آباد سمیت دیگر علاقوں میں مضر صحت گوشت سپلائی کیا جارہا ہے۔ تاہم میٹ سیکشن کے عملے کو سیکورٹی کی عدم فراہمی کے باعث کارروائیوں کے دوران شدید مزاحمت اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔