حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی خوشخبری سنادی

193

اسلام آباد(آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں مزید کمی کی خوشخبری سنا دی ۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ بدھ کواسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں آئندہ چند ماہ میں مزید کمی کی جائے گی،عوام کو بلوں کو قسطوں میں جمع کرانے کی سہولت دی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کوروناوائرس سے قبل ہماری معیشت مستحکم ہورہی تھی، اقتصادی اشاریے بہتری کی طرف تھے، کل4 ہزار ارب کے قرضے ادا کیے گئے اور ریونیو وصولیاں8ماہ میں تاریخی تھیں، گزشتہ برس کے مقابلے میں17فیصد زیادہ تھیں، صوبوں کو این ایف سی کے تحت ان کے حصے سے زیادہ پیسے دیے گئے تاہم کورونا کے باعث مشکلات سامنے آئی ہیں۔مشیر خزانہ نے کہا کہ کورونا کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی بھی معیشتیں کمزور ہورہی ہیں لیکن پاکستان میں کورونا کے تناظر میں متفقہ حکمت عملی کی کوشش ہورہی ہے تاہم اگر پاکستان میں اقتصادی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہے تو اس سے ٹیکس ریونیو سمیت دیگر اہداف متاثر ہوں گے۔حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 1250 کھرب روپے کا ریلیف پیکیج منظور کیا ہے، روزگار متاثر ہونے والے مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے 200 ارب روپے رکھے ہیں، ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کی مدد کی جائے گی، یہ 4 ماہ کے لیے 3 ہزار ماہانہ ہوگی، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے حقدار لوگوں کا تعین کرکے ریلیف دیا جائے گا، برآمد کنندگان کو100ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ دیں گے، زراعت اور ایس ایم ای کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں، ایس ایم ای کے لیے سود اور اصل زر کی ادائیگی کے لیے وقت دیں گے۔مشیرخزانہ نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کی کمی کی،آئندہ چند ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی،یوٹیلیٹی اسٹورز سے دال ،چاول، آٹا ،گھی ، چینی ،سستا دینے کے لیے 50 ارب رکھے ہیں، بلوں کو قسطوں میں جمع کرانے کی سہولت دی جارہی ہے، کھاد کی قیمت میں مزید کمی کی جائے گی، حکومت کسانوں سے گندم خریدنے جارہی ہے، 82 لاکھ ٹن گندم خریدنے اور کسانوں کے لیے 280 ارب رکھے ہیں، آئندہ چندہ ماہ برآمدات اور ترسیلات زر میں کمی آئے گی۔
خوشخبری