چڑیا گھروں میں جانوروں کی خوراک کا خیال رکھا جائے، وسیم اختر

149

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ چڑیا گھر، لانڈھی کورنگی زو اور سفاری پارک میں موجود جانوروں اور پرندوں کی خوراک اور فوڈ سپلیمنٹ کا خیال رکھا جائے اور وہ اسٹاف جو ان کی دیکھ بھال، نگہداشت اور حفاظت پر مامور ہے وہ اپنی ذمے داریوں کو بھر پور طریقے سے نبھائے، موجودہ صورتحال میں اسٹاف کو شفٹوں اور دنوں میں تقسیم کرلیا جائے تاکہ جانداروں کا خیال رکھا جاسکے، میئر کراچی نے ڈائریکٹر سفاری پارک اور زو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کے انکلوژرز اور پنجروں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی جائے اور جراثیم کش اسپرے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی طرح کراچی بھی اس وقت کورونا وائرس کے باعث غیر معمولی صورتحال سے گزر رہا ہے، شہر لاک ڈاؤن ہے لیکن انتہائی اہم ذمے داریوں سے نبردآزما ہونے کے لیے افسران اور اسٹاف اپنی ذمے داریاں پوری کررہے ہیں، انہوں نے محکمہ پارکس کو بھی ہدایت کی کہ وہ شہر میں لگے ہوئے پودوں، درختوں اور سبزے کا خیال رکھیں اور روزانہ کی بنیاد پر انہیں پانی بھی دیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ ہر شخص اپنے اپنے مقام پر اپنی حفاظت کے ساتھ فرائض انجام دے سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ متعلقہ افسران اور عملہ اپنے فرائض منصبی مکمل احتیاط کے ساتھ انجام دے، اپنی ذمے داریاں نبھاتے ہوئے محکمہ صحت کی جانب سے جو احتیاطی تدابیر بتائی گئی ہیں ،ان پر عمل پیرا رہے۔