بچوں کی تعلیم کا سلسلہ آن لائن کیا جائے، شعبہ تعلیم جماعت اسلامی

90

کراچی (انمائندہ جسارت) نجی اسکول مالکان اور منتظمین بچوں کی تعلیم کے تسلسل کے حوالے سے آن لائن تعلیم کا آغاز کردیں اس طرح بچے اپنے گھروں پر وقت ضائع کیے بغیر تعلیم سے جڑے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہا رماہرتعلیم اورچیئرمین جماعت اسلامی سندھ شعبہ تعلیم پروفیسرڈاکٹر اسحاق منصوری نے اسکول مالکان اور منتظمین کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں النصر
اسکولنگ سسٹم کے ایڈ منسٹریٹر عبدالرحیم شہزاد، آمنہ سیکنڈری اسکول کے مالک منصور شیخ،ڈپٹی چیئرمین عثمان پبلک اسکول انتصار غوری ، سعید صدیقی ، عاقل عزیز، اقبال احمد یوسف اور تنظیم اساتذہ کے قاضی محمد غوث و دیگر موجود تھے۔ پروفیسر محمد اسحاق منصوری نے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی جانب سے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نجی اسکولز میں پڑھنے والے بچوں کے والدین ماہانہ فیس متعلقہ مہینوں میں باقاعدگی سے ادا کریں اس طرح ماہانہ فیسوں کی وصولی کی صورت میں عمارت کا کرایہ، یوٹیلیٹی بلز اور اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگیاں ممکن ہو سکیں گی۔ پروفیسر اسحاق منصوری نے نجی اسکولوں کے مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کے لیے ان چھٹیوں میں حفظ قرآن کا مقابلہ کرائیں اور زیادہ سے زیادہ حفظ کرنے والے بچوں کو انعامات اور اسناد سے نوازا جائے۔ اجلاس میں حکومت سندھ کو توجہ دلائی گئی کہ ان مہینوں میں نجی تعلیمی اداروں کو ای او بی آئی اور سی سی کی ادائیگیوں سے مستثنا قرار دیا جائے۔