مخیر حضرات مشکل گھڑی میں الخدمت فائونڈیشن سے تعاون کریں ،ذکراللہ مجاہد

326

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور کورونا وبا سے شہریوں کو بچانے کیلیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔لٹن روڈ دفتر جماعت اسلامی لاہور اور ثریاعظیم (وقف) اسپتال کو شہریوں کی سہولت اور خدمت کیلیے کورونا آگاہی سینٹر بنا دیا ہے۔ثریاعظیم (وقف) اسپتال میں کورونا آئسولیشن وارڈ کا جلد افتتاح کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی لاہور کی سطح پر کورونا بچائو ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کردیا ہے جس میں کورونا ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی میں صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور چودھری محمودالاحد، مرزا عبدالرشید ، صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام گلی، محلوں کی سطح پر الخدمت کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور الخدمت کمیٹیاں کورونا آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو فری فیس ماسک اور سینیٹائزر فراہم کریں گی۔تمام زونل امرا اپنے علاقوں میں شہریوں کو کورونا وبائو سے بچانے کیلیے فری فیس ماسک اور سینیٹائزر کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں دفتر جماعت اسلامی لاہور لٹن روڈ د میں کورونا آگاہی مہم کے حوالے لاہور بھر کے ذمے داران کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں سیکرٹری جنرل جما عت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری، ملک شاہد اسلم، اظہر بلال، افتخار احمد چودھری،ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور چودھری محمود الاحد، مرزاعبدالرشید، عبدالحفیظ اعوان، عمر شہباز ، علاقائی امرا چودھری محمد شوکت ، ڈاکٹر محمود احمد ، حاجی ریاض الحسن ، خالد احمد بٹ اور ملک شفیق کی شرکت۔ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ شہر میں لاک ڈائون کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے مزدور اور دیہاڑی دار افراد کیلیے راشن کی فراہمی کو بھی یقینی بنا رہے ہیں۔محب وطن اہل خیر اور مخیر حضرات قوم پر اس مشکل گھڑی میںجماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے دستے بازور بنیں اور عطیات دیں۔جماعت اسلامی کی جدوجہد کا بنیادی مقصد خدمت خلق اور قرآن و سنت کا نفاذ ہے۔ جماعت اسلامی محدود وسائل اور بغیر اقتدار کے عوام الناس کورونا وائرس سے بچانے کیلیے اس کی تشخیص، حفاظتی تدابیر کیلیے استعمال ہونے والے فیس ماسک اور سینی ٹائزر عوام کو فری فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کورونا وائرس سے بچنے کیلیے حفاظتی تدابیر کے ساتھ رجوع الی اللہ کو یقینی بنائے۔ جماعت اسلامی لاہور 27 مارچ جمعتہ المبارک کو یوم استغفار کے طور پر منائے گی ۔ جماعت اسلامی شہریان لاہور سے اپیل کرتی ہے کہ نظم وضبط کا مظاہرہ کریں اور کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی تدابیر کو اختیار کریں۔ قوم کورونا وائرس سے بچنے کیلیے اللہ رب العزت کے سامنے سجدہ ریز ہو ۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کرنے والے عناصر اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ حکومت کورونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی مہنگائی کے سدباب کیلیے ہنگامی بنیادوں پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلیے ٹھوس اقدامات کرے۔