پولیس دودھ اور گوشت کی ترسیل کرنے والوں کو حراست میں لے رہی ہے

286

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈیری کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان نے کہا ہے کہ مختلف مقامات پر پولیس کی جانب سے دودھ اور گوشت کی ترسیل کرنے والے افراد کو حراست میں لیا جارہا ہے جس کے نتیجے میںشہر میںدودھ اور گوشت کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ ڈیری کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر شاکر عمر گجر کے مطابق زندگی کی بنیادی ضروریات کو لوگوں تک پہچانے کے لئے آسانی پیدا کی جائے کیونکہ دودھ ہر گھر کی اہم ضرورت ہے، ڈیری فارمرز کو ڈیری فارم اور دودھ فروشوں کو ملک شاپ تک جانے کے لئے آسانی پیدا کی جائے اور دودھ و گوشت کی شہریوں تک ترسیل میں مشکلات پیدا نہ کی جائیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ غذائی قلت اور حکومتی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کو پابند کیا جائے کہ وہ دودھ اور گوشت کی ترسیل میں شامل افراد کی نقل و حمل کو نہ روکیں ،ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈیری فارمرز کو بطور ثبوت لیٹر جاری کیا جارہا ہے جسے بوقت ضرورت انتظامیہ کو دکھایا جاسکے گا،کراچی بھر میں دودھ اور گوشت کی پیداوار و ترسیل کو برقرار رکھنے کے لئے ڈیری وکیٹل فارمرز کی جانب سے انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔