شاہ لطیف ٹاؤن: مالک مکان اور کرایہ داروں میں جھگڑا،3 افراد زخمی

301

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شاہ لطیف ٹاؤن میں مالک مکان اور کرایہ داروں میں بجلی کے بل پر جھگڑا، فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت 3افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح کو شاہ لطیف ٹائون تھانے کی حدود ظفر ٹائون میں مالک مکان اور کرایہ داروں کے درمیان جھگڑے میں تلخ کلامی کے بعد فائرنگ سے 58سالہ محمد ایوب ولد رستم خان ،26سالہ نیاز محمد ولد محمد ایوب اور 23سالہ لقمان ولد مدثر زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال پہنچایا گیا۔جبکہ پولیس نے دو بھائیوں سمیت 3 ملزما ن جاوید ولد سعادت علی ،لقمان احمد ولد افتخار احمد اور وقار احمد ولد افتخار احمد کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ملیر سید علی رضا کے مطابق واقعہ قذافی ٹاؤن میں پیش آیا اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرلیا۔ایس ایس پی کے مطابق مالک مکان اور کرایہ داروں میں جھگڑا کرایے اور بجلی کے بل نہ دینے پر شروع ہوا۔