عمران اسماعیل کا گورنر ہاؤس چھوڑنے کا فیصلہ، قرنطینہ میں چلے گئے

1576

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس کے پیش نظر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل گورنر ہاؤس چھوڑ کر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میری سعید غنی سے ملاقاتیں رہی ہیں، جب تک کورونا ٹیسٹ رپورٹ نہیں آجاتی قرنطینہ میں رہوں گا۔

واضح رہے کہ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیاجبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے۔