پنگریو، درگاہ پر زائرین کی بڑی تعداد میں آمد پر انتظامیہ میں کھلبلی

85

پنگریو (نمائندہ جسارت) پنگریو کے قریب واقع معروف خاتون بزرگ سیدہ عابدہ المعروف جیجا ماں کی درگاہ پر کراچی سے زائرین کی بڑی تعداد میں آمد پر مقامی انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی اورانتظامیہ فوری طور پرحرکت میں آگئی، بسوں، سوزو کیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں پر زائرین کی آمدکی اطلاع ملنے پر ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر پنگریو پولیس کی بھاری نفری درگاہ پر پہنچی پولیس نے زائرین کو اجتماعات پرپابندی اورکوروناوائرس کے حوالے سے نافذ کی جانے والی ایس اوپی کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے انہیں منتشر ہونے اوردرگاہ خالی کرنے کی ہدایت کی اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی کرنے کی وارننگ دی، پولیس کی وارننگ پر زائرین کی کافی تعداد واپس کراچی روانہ ہوگئی تاہم کئی زائرین تاحال درگاہ پر مقیم ہیں ان زائرین کی آمد اورپولیس وارننگ کے باوجود درگاہ پر موجودگی کے باعث مقامی باشندوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے علاقے کے دیہات میں اعلانات کرائے جارہے ہیں کہ عوام ان زائرین سے ملنے جلنے میں احتیاط کریں، اعلانات میں انتظامیہ سے بھی اپیلیں کی جارہی ہیں کہ درگاہوں پر کراچی اور دیگر علاقوں سے زائرین اور دیگر افراد کی آمد روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔ مقامی معززین کے وفد نے پنگریو کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر حیرت کااظہار کیا کہ حکومت سندھ کے سخت اقدامات کے دعووں کے باوجود زائرین اور دیگر افراد جتھوں کی صورت میں طویل فاصلہ طے کرکے پنگریو پہنچ رہے ہیں مگر انہیں راستے میں روکا نہیں جارہا، جس سے حکومت سندھ کے اقدامات دعووں تک محدود ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ معززین نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ پنگریو کے گردونواح میں درگاہوں پر سندھ اور دیگر صوبوں سے زائرین اور دیگر افراد کی آمد سختی کے ساتھ روکی جائے۔