حیدرآباد،پرانی سبزی منڈی میں کاروبار کی پابندی پر عملدرآمد شروع

704

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پرانی فروٹ وسبزی منڈی واقع حالی روڈ میں فروٹ کا آکشن بند، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد کی سربراہی میں تمام راستوں پر ناکہ بندی، فروٹ کی گاڑیوں کو واپس کرکے نئی منڈی روانہ کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز احمد صدیقی نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو کے احکامات کے بعد ہفتے کی سہ پہر سے موجودہ فروٹ وسبزی منڈی میں فروٹس کی آکشن روکنے کے لیے منڈی کے اطراف چھے مختلف مقامات فتح چوک، ٹنڈو محمد خان روڈ، ٹنڈو یوسف، محمدی چوک، سبزی منڈی چوک، کانج مل موڑ، الوحید کالونی موڑ پر ناکہ بندی کردی گئی، جس کے بعد فروٹس کی تمام گاڑیوں کو نئی سبزی اینڈ فروٹ منڈی ہالا ناکہ بھیجا جارہا ہے، جو گاڑیاں پہلے سے موجود تھیں ان کو بھی نیو سبزی منڈی روانہ کردیا گیا۔ یہ ناکہ بندی آئندہ کئی روز تک جاری رہے گی، تاکہ نئی سبزی اور فروٹ منڈی میں فروٹس کا آکشن شروع کیا جاسکے۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ نئی منڈی میں تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔