ماحولیاتی آلودگی موجودہ دور کا گمبھیر مسئلہ بنتا جا رہا ہے، عامر صدیقی

201

راولپنڈی (پ ر) اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسان کو عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت جنگلات بھی ہیں اللہ نے اپنے بندوں کے لیے بنائی عالیشان جنت میں باغات اور نباتات کا خصوصی ذکر ملتا ہے کہ لمبے، گھنے اور سایہ دار درخت اور ان سے پیدا ہونے والے پھلوں اور میوئوں کا اللہ نے جنت کی اعلیٰ ترین نعمتوں میں بیان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے عالمی یوم جنگلات کے حوالے سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج انسان درخت نہیں بلکہ اپنی جڑیں کاٹ رہا ہے، پاکستان کا شمار ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں ماحولیاتی آلودگی نہایت خطرناک صورتحال اختیار کرچکی ہے، انسان خودہی درختوں کا سب سے بڑا دشمن بن چکا ہے حالانکہ یہی درخت اپنے دشمن انسان کو بے شمار فوائد اور ضروریات کو پورا کررہے ہیں۔ عامر صدیقی نے کہا کہ اگر ان نباتات کو زمین سے خارج کردیا جائے تو انسانی زندگی کا تصور ممکن نہیں۔ درخت جہاں ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں، وہیں ہوا کو صاف رکھنے، آندھی، طوفان کا زور کم کرنے، آبی کٹائو روکنے، آکسیجن میں اضافے اور آب و ہوا کا توازن برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی موجودہ دور کا ایک گمبھیر مسئلہ بنتا جا رہا ہے اور اس کے تدارک کے لیے شجر کاری مہم کو تیز تر کیا جائے۔