گورنر سندھ کا ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم قرنطینہ اور فیلڈ اسپتال کا دورہ

176

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایکسپو سینٹر میں قائم قرنطینہ اور فیلڈ اسپتال کا دورہ کیا‘ عسکری حکام نے قرنطینہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی‘ گورنر سندھ نے انتظامات کا جائزہ لیا اور انتظامات و ضروری آلات کی دستیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کا جذبہ قابل ستائش ہے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سیف الرحمن، اراکین صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ ، جمال صدیقی اور کمشنر کراچی افتخار شالوانی بھی موجود تھے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہاکہ پاک فوج کے تعاون سے ایکسپو سینٹر میں معیار ی قرنطینہ سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں پر کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی‘ کورونا وائرس کے مکمل خاتمے تک سینٹر کام کرتا رہے گا‘ ضرورت پڑی تو مزید قرنطینہ سینٹرقائم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے غیر استعمال شدہ ترقیاتی فنڈز صوبوں کے حوالے کیے جا رہے ہیں‘ اس ضمن میں سب سے زیادہ10 ملین ڈالر صوبہ سندھ کو دیے جائیں گے‘ کراچی میں 3 ہزار مریضوں کے ٹیسٹ کرانے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے‘ موجودہ حالات میں وفاقی حکومت نے ادویات اور طبی آلات پر ٹیکس کو ختم کردیا ہے ۔سکھر میں رونما واقعے پر گورنرسندھ نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے‘ ڈاکٹر اور طبی عملہ اس مرض کے خلاف فرنٹ لائن سولجر ہیں ان کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔