کورونا وائرس: ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 519 ہوگئی

575

کراچی: ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 519 ہوگئی، سندھ میں 267، پنجاب میں 96، بلوچستان میں 92، خیبر پختونخوا میں 23، گلگت بلتستان میں 30، اسلام آباد میں 10 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس سامنے آیا۔

سندھ:

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 267 ہوگئی۔ کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج کورونا وائرس کا 77 سالہ مریض گزشتہ روز جاں بحق ہوا جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں کو جزوی لاک ڈاؤن کردیا اور شہریوں سے 3 دن گھر سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب سندھ کی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے صوبے میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وائرس سے جاں بحق ہونے والے 77 سالہ شخص کا تعلق کراچی سے ہے اور متاثرہ شخص کینسر کا مریض تھا جبکہ اسے شوگر اور بلڈپریشر کا عارضہ بھی لاحق تھا جس سے اس کی صحت پہلے ہی خراب تھی تاہم ان کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔

پنجاب :

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق  کورونا وائرس کے اب تک 96 مریض ہیں جن میں  71 زائرین، 15 لاہور، 2 ملتان، 3 مظفر گڑھ، 3 گجرات، 1 جہلم اور ایک راولپنڈی کا شہری شامل ہے جبکہ لاہور کے میو اسپتال میں 10 تصدیق شدہ مریض زیر علاج ہیں۔ گزشتہ روز راولپنڈی میں سامنے آنیوالا پہلا مریض چند روز قبل دبئی سے واپس لوٹا تھا۔

بلوچستان :

بلوچستان ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 92 ہوگئی ہے۔صوبے میں کورونا کے مزید 11 کیسز سامنے آئے ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں 21 دن تک جزوی لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیاہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ میں تمام بڑے شاپنگ مال، مارکیٹس 3 ہفتوں کیلئے بند رہیں گی، اس کے علاوہ تمام ریسٹورنٹس 3 ہفتوں تک صرف گھروں کیلئے کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرسکیں گے۔

مزید پڑھئیے: کوروناوائرس :حکومت نے34ٹرینوں کوبندکردیا

نوٹیفکشن کے مطابق بین الصوبائی اور انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ بھی 3 ہفتوں بند کردی ہے جبکہ شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتیں اور کوشیش کریں کہ اپنے گھروں میں رہیں۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس 180 سے زائد ممالک میں اپنے پنجے گاڑ چکا ہے جبکہ چین واحد ملک ہے جس نے کورونا کو شکست دے دی ہے ۔