آغا خان اسپتال میں کورونا تشخیصی عمل روک دیا گیا

564

کراچی کے سب سے بڑے نجی طبی مرکز آغاخان اسپتال میں کورونا وائرس کی تشخیص اور اسکریننگ کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریضوں کے رش کے باعث کورونا وائرس کے پھیلنے کا خطرہ ہے، اسپتال میں گنجائش سے زائد افراد آرہے ہیں جس سے مہلک وبا ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہوسکتی ہیں۔

صورتحال کے پیش نظر عارضی طور پر اسپتال میں کورونا کی تشخیص اور اسکریننگ کا عمل روک دیا گیا ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے اور کورونا ٹیسٹنگ کا عمل دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے فیصلہ آج شب کیا جائے گا۔

اسپتال میں صبح نو بجے سے رات نو بجے تک کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے، سندھ حکومت کی جانب سے مختص تین اسپتالوں میں ایک آغاخان اسپتال بھی ہے جہاں کورونا کی تشخیص کی جاتی ہے۔

دوسری جانب ایس آئی یو ٹی نے بھی کورونا ٹیسٹنگ شروع کردی ہے اور اب تک اسپتال میں 8 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔