ذخیرہ اندوز اللہ کا خوف کریں،عوام بھی باز رہیں،قوم حوصلہ رکھے،ملی یکجہتی کونسل

182

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی اور سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ اور ملی یکجہتی کونسل کے رہنمائوں نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام دینی جماعتوں کے دفاتر،مساجد ، مدارس عوام کی سہولت کے لیے کھلے ہیں۔ دینی اور سماجی کارکنان عوام کو کورونا وائرس سے بچو اور بچائو آگہی دیں۔اسپتالوں اور طبی عملے سے تعاون کریں۔ تاجر برادری،مصنوعا ت کے پیداواری مراکز آزمائش کی گھڑی میں عوام کو ریلیف دیں۔ ذخیرہ اندوز اللہ کا خوف کریں اورعوام بھی ذخیرہ اندوزی سے باز رہیں۔ حکومت عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح کے عملی اقدامات کریں۔سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ، مرکزی رہنمائوں علامہ سید ثاقب اکبر،پیر سید ہارون گیلانی، علامہ عارف حسین
واحدی، صوبائی صد ر اسداللہ بھٹو،عبد الحق ہاشمی،سینیٹر مشتاق احمد خان،ڈاکٹر طارق سلیم،محمد جاوید قصوری،آصف محمود اخوانی،قاری یعقوب شیخ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ کورونا وائرس پوری قوم کے لیے صبر آزما مرحلہ ہے۔ملک کو مل کر موذی وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔رجو ع اللہ ،احتیاطی تدابیر، اور منظم قوم کی حیثیت سے کورونا وائرس سے نجات پانا ہے۔ اللہ کی طاقت و قدرت کے سامنے دنیا کی بڑ ی طاقتوں کی کوئی حیثیت نہیں۔اہل ایمان اللہ کی طرف لوٹ آئیں اور تمام انسانوں کے لیے خیر خواہی پیدا کریں،عوام خو ف زدہ نہ ہوں ۔امید اور حوصلہ چھوڑنا کورونا سے زیادہ مہلک ہے۔اہل ایمان وبا سے بچائو کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور صبر،ذکر و اذکار ،نماز کی پابندی سے حوصلے قائم رکھیں۔