نیب نے اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کردی

572

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان قومی احتساب بیورو کی جانب سے پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کردی گئی ہے۔ نیب نے پاکستان میں اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کی ہے،نیب اپنے انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کی جدید بنیادوں پر تربیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب تفتیشی افسران کی پیشہ ورانہ تربیت اعلیٰ ترین بنانے پر یقین رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی مسلسل جدید ٹریننگ کی جا رہی ہے، تربیت کا مقصد تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی مہارت کو بڑھانا ہے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب کو پیشہ ورانہ اور ماہر افرادی قوت درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب ملک میں انسداد بدعنوانی کا سب سے بڑا ادارہ ہے، جسے ملک سے کرپشن کے خاتمے کی بھاری ذمہ داریاں دی گئیں ہیں۔ نیب افسران کو مسلسل جدید طرز کی تربیت مستقل بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہے جو انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کے معیار میں بہتری کا اہم جزو ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہے جسے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے پرعزم اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب اپنے انسانی وسائل کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اس تناظر میں نیب افسران، اہلکاران اور پراسیکیوٹرز کی پیشہ وارانہ بہتری یقینی بنانے کیلئے جامع ٹریننگ پلان 2020ء پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی بین الاقوامی تعاون کے لئے ملکی اور غیر ملکی ایجنسیوں کے درمیان روابط، ٹریننگ، ریسرچ اینڈ ریفارمیشن، فرانزک ایگزامینیشن، نصاب میں بہتری اور فنانشل کرائم اینڈ اینٹی کرپشن کے شعبوں میں انویسٹی گیشن کی ایکریڈیٹیشن کے حوالہ سے بھی کردار ادا کرے گی، یہ اکیڈمی نیب کے ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویڑن کے تحت کام کرے گی اور مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت اپنا کام کرے گی۔

جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے معیار کو یقینی بنانے کے لئے اکاؤنٹس کے معاملات، جنرل فنانشل رولز، ایف آر، ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیہ سے متعلق تمام انویسٹی گیشن افسران کے لئے معیاری ریفریشر کورسز اور کیپسٹی بلڈنگ کورسز وضع کئے ہیں، اس سے ایس او پیز اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد میں مدد ملے گی، تربیتی پروگرام کے اہداف کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا تاکہ مستقبل کی ضروریات کے تناظر میں اس میں بہتری لائی جا سکے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب میں جدید فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستایزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیے کی سہولت موجود ہے تاکہ انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز کو قانون کے مطابق مقررہ وقت میں مقدمات کی تحقیق کیلئے فرانزک لیبارٹری کی سہولیات میسر ہوں۔