عوام کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے مشکل فیصلے کیے جارہے ہیں

226

بدین (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس پر قابو پانا، خطرے سے محفوظ رہنے کے لیے قبل از وقت احتیاطی اقدامات اور عوامی آگاہی اور شعور کی بیداری کے لیے حکومتی ادارے غیر سرکاری اور سماجی تنظیموں کے علاوہ تاجر برادری عملی اقدام کرے اور اپنی ذمے داری پوری کریں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر بدین ڈاکٹر حفیظ احمد سیال کی زیر صدارت اجلاس میں افسران کے علاوہ ضلع بھر کی غیر سرکاری، سماجی، شہری اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت۔ اس موقع پر ڈی سی بدین ڈاکٹر حفیظ احمد سیال نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں حکومتی ادارے متحرک ہیں، روزانہ کی بنیاد پر تیاریوں اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا جارہا ہے، عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے کچھ مشکل فیصلے کیے جارہے ہیں، غیر سرکاری سماجی تنظیمیں بھی عوامی شعور اور آگاہی کے علاوہ وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے شہروں اور دیہات میں عملی اقدام کرتے ہوئے سرگرمیاں تیز کریں۔ اس موقع پر ڈی سی بدین نے تاجروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ادویات، جراثم کش لوشن، صابن، ماسک، کھانے پینے اور روز مرہ کے استعمال کی اشیا خورونوش کا ذخیرہ کرنے سے گریز کریں، تمام ادویات، سامان اور اشیا دکانوں اور مارکیٹ میں دستیاب ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اضافی قیمت، بلیک میں فروخت اور ذخیرہ کرنے والے تاجروں اور دکانداروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور مختارکاروں کو بھی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ میں جائیں اور اشیا خورونوش کی اشیا کی قیمتوں کے متعلق معلومات لیں اور اضافی قیمتوں اور بلیک میں فروخت کرنے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے تاجروں کیخلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے اجلاس میں مزید کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں، ہر وقت کھانے پینے سے پہلے کسی اچھے صابن سے ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں اور خاص طور پر بڑی عمر کے بزرگوں اور بچوں کو ٹھنڈی چیزوں کے استعمال سے روکیں تاکہ اس وائرس سے بچا جاسکے۔ اجلاس میں تاجروں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر بدین کو یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ کسی بھی صورت میں ذخیرہ اندوزی نہیں کی جائے گی اور ضلعی انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔