سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 7 فیصد ، برآمدات میں 25 فیصد اضافہ

91

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جاری مال سال کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 7 فیصد جبکہ برآمدات میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سیمنٹ کی برآمدات مجموعی فروخت کے 18 فیصد تک پہنچ گئیں۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی تا جنوری 2019-20 ء کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 28.82 ملین ٹن تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں مجموعی فروخت کا حجم 26.90 ملین ٹن رہا تھا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت بشمول مقامی و برآمدات میں 1.92 ملین ٹن یعنی 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں برآمدات کاحجم 25 فیصد تک بڑھ گیا اور برآمدات میں 1.05 ملین ٹن اضافہ ہوا۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں برآمدات کاحجم 4.14 ملین ٹن رہا تھا جبکہ جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 5.19 ملین ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا ہے۔