سندھ حکومت مزدور طبقہ کیلیے بھی اقدامات کرے، خرم شیر زمان

417

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایسا وقت ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں تمام تر اختلافات سے بالا تر ہو کر ایک ساتھ پر کھڑا ہونا ہوگا۔ بہترین اقدامات کرنے پر تمام صوبائی حکومتوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے احکامات پر عمل کرنے پر سندھ حکومت کے شکر گزار ہیں۔ہمیں شہر بھر سے فون آرہے ہیں کہ کراچی کو لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ ہمارا سوال سندھ حکومت سے ہے کہ جو لوگ روزانہ کماتے کھاتے ہیں ان کے لیے کیا اقدام کیا جائے گا۔ سندھ کے کچھ وزیر روزانہ کی بنیاد پر بیان بازی کر رہے ہیں جس سے عوام میں بے چینی اور ڈر و خوف پیدا ہورہا ہے۔ بلاول زرداری اپنے وزرا کی بیان بازیوں کا نوٹس لیں، سیاست کے لیے پوری زندگی پڑی ہے ایسے ماحول میں سیاست سے گریز کیا جائے۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے نیشنل سیکورٹی کی بریفنگ میں پہلی بار صحت کے حوالے سے بات ہوئی۔وزیرا عظم عمران خان تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ان کی ٹیم تمام تر اقدامات کو مانیٹر کر رہی ہے۔ کچھ اقدامات جو وفاقی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے ان کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی سراہا ہے ۔