متحدہ کا اپنے اراکین اسمبلی، سینیٹرز کی تنخواہیں کورونا فنڈ میں دینے کا اعلان

284

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے پارٹی مرکز بہادر آباد میں پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی روایات کو بر قرار رکھتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی کو کورونا سے بچانے کی مہم میں اپنا حصہ ڈالنے کا اعلان کیا ہے‘ اس ضمن میں ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، میئر، ڈپٹی میئر، ضلعی چیئرمینز اور وائس چیئرمینز اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ میں عطیہ کریںگے‘ عوام میں ایک لاکھ سینی ٹائزر تقسیم کیے جائیںگے‘ ایم کیو ایم پاکستان کا فلاحی ادارہ نامسائب حالات کے با وجود اپنی خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے‘ فیڈرل بی ایریا میں واقع خدمت خلق فانڈیشن کے جنرل اسپتال میں کورونا کی ابتدائی اسکریننگ کا کیمپ قائم کردیا گیا ہے۔ انہوں نیمخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں تعاون کریں۔ اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں عوام کا ساتھ دیا ہے۔