کوروناکے ڈرسے جمعہ اجتماعات کومحدودکرنا درست نہیں،علما

279

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز علمائے کرام امیر جما عت اہلسنّت علامہ سید شاہ عبد الحق قادری، علامہ ڈاکٹر سید محمد اشرف اشرفی الجیلانی،ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب،علامہ ڈاکٹر کوکب نورانی اوکاڑوی،شیخ الحدیث مفتی سید احمد علی شاہ سیفی،ڈاکٹر فرید الدین قادری،مولانا ابرار احمد رحمانی،شیخ الحدیث علامہ یونس شاکر رضوی، علامہ پیر سید عبد القادر شیرازی،ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری،علامہ عظمت علی شاہ ہمدانی،علامہ اکرام المصطفیٰ اعظمی، پیر سید فاروق انور شاہ کاظمی،پروفیسر غلام عباس قادری،علامہ خلیل الرحمان چشتی،سید رفیق شاہ ،مولانا الطاف قادری ،مفتی بلال قادری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کورونا وائرس پر سندھ حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہے البتہ کاروباری مراکز کو بند کرنا اور نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنا غیر دانشمندانہ عمل ہو گا۔احتیاط اچھی علامت مگر عبادات کو محدود کرنا کسی صورت قبول نہیں۔نماز با جماعت مسجد میں ادا کرنا واجب ہے جمعہ کا اجتماع شعائر اسلام ہے۔ علماء کا کہنا تھا کہ عوام خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کے بجائے کورونا وائرس سے بچائوکے لیے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ توبہ و استغفار ،ذکر الٰہی،درود شریف اور گھر گھر محافل ذکر ِ خدا و مصطفی ؐکا انعقاد کریں جہاں ذکر ِپاک کی محفل منعقد ہوتی ہے وہاں رب کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے۔ علماء کرام نے کہا کہ جمعۃ المبارک کو یوم دْعا و استغفار کے طور پر منا یا جائے گا۔