بحریہ ٹاؤن اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کامیاب، 35 فیصد اضافی ڈیویلپمنٹ چارجزموخر

1212

بحریہ ٹاؤن اور جماعت اسلامی کراچی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے،35فیصد اضافی ڈیویلپمنٹ چارجز کو موخر کردیا گیا،معاملہ بعد میں باہمی مشاورت سے حل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق چیئر مین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض جماعت اسلامی کراچی کے مرکز ادارہ نور حق آئےجہاں انہوں نے سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کی وفات پر ان کے صاحبزادے ندیم اقبال سے تعزیت و دعائے مغفرت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کراچی کے محسن تھے

بعد ازاں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور بحریہ ٹاؤن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں متاثرین بحریہ ٹاؤن  کے معاملے پر مذاکرات ہوئے جس میں دونوں فریقین کے درمیان معاہدہ طے پاگیا جس میں جبری پزیشن کا خاتمہ کر دیا گیا جبکہ بحریہ ٹاؤن کی جانب سے الاٹیز سے زائد مانگے گئے35فیصد اضافی ڈیویلپمنٹ چارجز کا معاملہ موخر کردیا گیا،جسے بعد میں باہمی مشاورت سے حل کیا جائے گا۔

معاہدے کے مطابق پزیشن لینے والوں پر کسی قسم کے چارجز لاگو نہیں ہو ں گے،جو الاٹیز اپنی رقم واپس لینا چاہتے ہیں انہیں بحریہ ٹاؤن 6ماہ کی مدت میں رقم واپس اور تاخیر کی صورت میں بحریہ ٹاؤن سرچارج ادا کرے گا،جو لوگ پزیشن لے چکے ہیں ان سے مکان کی تعمیر تک مینٹیننس چارجز نہیں لیے جائیں گے

 معاہدے کے مطابق آئندہ کسی بھی قسم کے مسائل یا ابہام کو رفع کرنے کے لیے کمیٹی اپنا کام کرتی رہے گی، جو الاٹیز بحریہ کے نوٹس کے تحت پلاٹس کے پزیشن لے چکے ہیں ان سے مکان کی تعمیر تک مینٹیننس چارجز نہیں لئے جائیں گے۔

بحریہ ہائٹس  A,B,C,D,E,F,G,H,I,J,K,L  یہ تقریباََ  12 ٹاورز ہیں ان تمام پراجیکٹس میں بحریہ رقم وصول کرچکاہے ان کو آئندہ چھ  ماہ  سے ایک سال کی مدت میں مکمل کرکے الاٹیز کے حوالے کردیا جائیگا۔

واضح رہے کہ طارق روڈ پر دھرنے کے دوران متاثرین بحریہ ٹاؤن اور جماعت اسلامی نے آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے مشاورتی اجلاس طے کیا،جس کے بعد ملک ریاض صاحب 7فروری کودفتر جماعت اسلامی (ادارہ نور حق) تشریف لائے اور مذکرات کے بعد ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے مکمل مذاکرات کیے اور بہت سی چیزوں پر اتفاق کیا گیا ۔