مہنگائی اور بے روز گاری کا سونامی عوام کی چیخیں نکال رہا ہے ، عارف شیرازی

262

 

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کا سونامی عوام کی چیخیں نکال رہا ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے اپنے انتخابی وعدوں اور اعلانات کو بھلا دیا ہے۔ حکومتی اہلکاروں کی نااہلی کی وجہ سے ملک کے معاشی حالات خراب سے خراب تر ہوتے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی دفتر سید مودودیؒ بلڈنگ میں ہر سطح کے ذمے داران کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس سے جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد ، نائب اُمرا شیخ مسعود احمد، چودھری منیر احمد، ضیا اللہ چوہان، چودھری سرفراز احمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری چودھری ظفر یاسین اور دیگر عہدیداران نے بھی اظہار خیا ل کیا۔ سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم جاری ہے۔ نام نہاد اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے زخم چاٹ رہی ہیں جبکہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر عوامی مسائل کے حوالے سے پورے ملک میں احتجاج، جلسے جلوس، ریلیاں اور مظاہرے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورت کو اسلام نے عزت اور احترام کا مقام دیا ہے۔ اسلام نے جو مقام و مرتبہ اور حقوق عورت کو دیے ہیں، دُنیا کے کسی دوسرے مذہب نے نہیں دیے۔ مغربی طاقتیں دین اسلام پر حملہ آور ہیں۔ انہوں نے عسکری اور معاشی غلبے کے ساتھ ساتھ خاص طور پر ہماری تہذیب و تمدن اور خاندانی نظام کو نشانہ بنایا ہوا ہے۔ افسوس کہ کچھ نا سمجھ مسلمان ان کے آلہ کار بن کر کام کر رہے ہیں۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ ضلعی، زونل اور مقامی جماعتوں کے تحت بیت المال کے استحکام کے لیے 22 مار چ کو ڈونرز کانفرنس ہوگی جس میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ مہمان خصوصی ہوں گے۔