پیپلز پارٹی کی قیادت کیخلاف بیان بازی بند کی جائے، میر حسن ملاح

503

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) وفاقی زیر ریلوے شیخ رشید اپنی نااہلی چھپانے کے لیے سیاسی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے قائدین کیخلاف بیان دے کر شیخ رشید اپنے آقاؤں کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو کو سلیکٹڈ وزیر اعظم کہنے والے شیخ رشید خود سلیکٹڈ وفاقی وزیر ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت کیخلاف بیان بازی بند کی جائے، ورنہ جیالے راولپنڈی میں شیخ رشید کو راجا بازار سے باہر نکلنے کی بھی اجازت نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ٹنڈو محمد خان کے اطلاعات سیکرٹری ڈاکٹر میر حسن ملاح نے پریس کلب ٹنڈو محمد خان میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی، لیکن آمروں کے سامنے سر نہیں جھکایا، ذوالفقار علی بھٹو کو عوام نے وزیر اعظم بنایا اور پیپلز پارٹی ہی ملک کی واحد جماعت ہے جس کے ورکر چاروں صوبوں میں موجود ہیں، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو کو سلیکٹڈ وزیر اعظم قرار دینے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اپنی نااہلی چھپانے کے لیے پیپلز پارٹی کی قیادت پر تنقید کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر شیخ رشید خود ایک سلیکٹڈ وفاقی وزیر ہیں اور قوم جانتی ہے کہ شیخ رشید کو ہر بار راولپنڈی سے کونسی قوت انتخابات میں کامیاب کرواتی ہے۔ وفاقی وزیر پیپلز پارٹی کی قیادت کیخلاف بیان بازی سے گریز کریں ورنہ پیپلز پارٹی کے جیالے انہیں راولپنڈی کے راجا بازار سے باہر آنے کی بھی اجازت نہیں دیں گے۔