کورونا وائرس کے لیے سندھ حکومت نے 10 کروڑ روپے مختص کردیے

467

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ نے کورونا وائرس کی ممکنہ روک تھام کے نام پر فوری 10 کروڑ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مصدقہ سرکاری ذرائع کے مطابق سیکرٹری فنانس کی تجویز پر یہ رقم کورونا وائرس سے بچاو کے لیے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات پر خرچ کی جائے گی ۔ اس مقصد کے لیے 3 مارچ کو ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اس رقم کی منظوری لی جائے گی۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس سے بچاو کے اقدامات کا تعلق محکمہ صحت سے ہے لیکن محکمہ صحت نے اس حوالے سے فوری رقم کی ضرورت کے لیے کوئی سمری وزیراعلیٰ کو نہیں بھیجی تھی۔ محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وائرس کی روک تھام اور اس سے بچاؤ کے لیے محکمہ صحت اقدامات کرچکی ہے فوری طور پر اس مقصد کے لیے 10کروڑ روپے کے فندز کی ضرورت بظاہر نظر نہیں آرہی۔ خیال ہے کہ کورونا وائرس کے نام پر سرکاری عناصر کی طرف سے فنڈز کی خورد برد کی تیاری کرلی گئی ہے۔