مہنگائی کیخلاف تحریک میں نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں‘ حسین محنتی

515

کراچی( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان میں نظام کی تبدیلی کے بغیر نوجوانوں سمیت ملک وقوم کی قسمت تبدیل نہیں ہوسکتی، نوجوانوں کا ہر دور میں اہم کردار رہا ہے، قیام پاکستان کے لیے علامہ اقبالؒ نے خواب دیکھا، قائد اعظم علی جناحؒ کی قیادت میں ان کے ساتھیوں نے جدوجہد کی تو اس خواب کی تعبیر ہوئی جس میں علی گڑھ یونیورسٹی کے طلبہ کا بڑا اہم کردار تھا، ملک میں مہنگائی اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جماعت اسلامی کی مہنگائی کے خلاف تحریک اور 6مارچ کو کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہروں میں جے آئی یوتھ بھرپو ر شرکت کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں جے آئی یوتھ پاکستان کے مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی کونسل کا 2روزہ اجلاس قبا آڈیٹوریم میں مرکزی صدر زبیر احمد گوندل کی صدارت میں جاری ہے جس میں چاروں صوبائی صدور ودیگر عہدیداران شریک ہیں۔ اجلاس میں سالانہ منصوبہ بندی ودیگر تنظیمی امور پر غور سمیت اہم فیصلے متوقع ہیں۔جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی یوتھ صالح نوجوانوں کا قافلہ اور تحریک اسلامی کا ہر اول دستہ ہے، انہوں نے ذمے داران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر نوجوانوں کو منظم کرکے ان کی ذہنی وفکری تربیت کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ ملک کو درپیش حالیہ چیلنجز کا مقابلہ کیاجاسکے۔ ان شاء اللہ قوم کا کرپشن فری اور اسلامی پاکستان کا خواب ضرورشرمندہ تعبیر ہو گا۔اجلاس میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان مرحوم اور جماعت اسلامی سندھ کے رہنما محمد عظیم بلوچ شہید کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مرکزی جنرل سیکرٹری شاہد نوید ملک، نائب صدور محمد حسن کھوسہ، حافظ عدیل باسط اور صوبائی صدر فرہاد گل سمیت دیگر ذمے داران بھی اس موقع پر اجلاس میں شریک تھے۔