سندھ کومحصولات کی منتقلی میں 144 ارب کا شارٹ فال ہے ‘مرادعلی شاہ

111

کراچی( نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو وفاقی محصولات کی منتقلی میں 144 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا ہے ، اس لیے پورے سندھ میں جاری ترقیاتی کام بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مٹیاری ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہٰ یار کے ضلعی ترقیاتی پورٹ فولیو کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ ہائوس میں3 مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، صوبائی وزرا، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری سمیت ایم این ایز، ایم پی ایز و دیگر منتخب نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اپنے 522.1 ارب روپے کے شیئرز کے مقابلے میں 378.3 ارب روپے موصول ہوئے ہیں جس میں آج تک 143.8 ارب روپے کا شارٹ فال ہے۔مٹیاری ضلع میں 1.6 ارب روپے کی 48 اسکیمیں جاری ہیں۔ محکمہ خزانہ نے مجموعی طور پر مختص رقم کا 58 فیصد یعنی 929.6 ملین روپے جاری کیے ہیں اور اس میں سے استعمال 593.5 ملین روپے ہوئے ہیں جو ریلیز کا 64 فیصد ہے۔ 166.5 ملین روپے کی 13 اسکیمیں ہیں جن کے لیے 96 فیصد فنڈز جاری کردیے گئے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے مختلف محکموں کو ہدایت کی کہ وہ 119.1 ملین روپے کی 12 اسکیمیں مکمل کریں جس کے لیے حکومت نے مختص کردہ فنڈز کا 91 فیصد جاری کردیا ہے۔ ٹنڈو الہیار میں اسکول ایجوکیشن نے 6 اسکیمیں، محکمہ بلدیات نے 5، پی ایچ ای نے 7 اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز نے 15 اسکیمیں شروع کی ہیں۔