بھارت میں مسلمانوں کا قتل عام روکنے کیلیے اتحاد کی ضرورت ہے، پی پی رہنما

445

راولپنڈی (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلم کش فسادات نے سیکولرازم کا پردہ چاک کر دیا ہے، مودی کے ہمنوا آر ایس ایس کے غنڈو ں نے قصائی کا روپ دھار لیا ہے، مسلمانوں کا قتل عام روکنے کے لیے امت مسلمہ کا اتحاد اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 اور-A 35 کو منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنے کی کوشش کی، کشمیری عوام بھارت کے خلاف ہر محاذ پر لڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری و امت مسلمہ کی خاموشی سے مودی اور اس کے شدت پسندانہ عزائم کو جلا ملی اور یوں یہ مظالم کا سلسلہ کشمیری مسلمانوں سے ہندوستانی مسلمانوں تک جا پہنچا، مودی کے حامیوں اور آر ایس ایس کے غنڈوں کی دہلی میں مسلمانوں کی املاک کو نشانہ بنانے، مساجد اور قرآنِ کریم کی بے حرمتی سے ہر مسلمان کرب میں مبتلا ہے، دنیا مودی سرکار کی انتہا پسندانہ سوچ کا نوٹس لے، ایسے اقدامات عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔